ویب ڈیسک :سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹس نے مملکت میں مقیم تمام تارکین وطن کو اپنے خاندان کے چھ سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے فنگر پرنٹس کا اندراج فوری طور پر کرنے کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کےمطابق اس اقدام کا مقصد سعودی عرب میں رہنے، کام کرنے والے یا دورہ کرنے والے افراد کے لئے انتظامی عمل کو بہتر بنانا اور حفاظتی اقدامات کو مضبوط بنانا ہے۔مختلف سرکاری خدمات تک رسائی حاصل کرنے اور سرکاری دستاویزات حاصل کرنے کے لئے زیر کفالت افراد کے لئے فنگر پرنٹس کا اندراج اہم ہے۔
یاد رہے کہ سعودی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے حالیہ اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ 32.2 ملین کی کل آبادی میں غیر ملکیوں کی تعداد تقریبا 41.5 فیصد ہے۔
سعودی عرب میں بنگلہ دیشی شہری 2.1 ملین کے ساتھ سب سے آگے ہیں، اس کے بعد ہندوستانی (1.88 ملین) اور پاکستانی (1.81 ملین) ہیں۔ دیگر نمایاں تارکین وطن برادریوں میں یمنی، مصری، سوڈانی، فلپائنی اور شامی شامل ہیں۔
غیر ملکی باشندوں کی ضروریات کو دیکھتے ہوئے سعودی حکام نے حال ہی میں تارکین وطن کے لئے آسان ویزا کے اختیارات متعارف کرائے ہیں۔