سرکاری سکیم کے تحت حج 2024 کیلئے قرعہ اندازی کا اعلان

Dec 28, 2023 | 22:02 PM

ایک نیوز :نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے سرکاری سکیم کے تحت حج 2024 کیلئے قرعہ اندازی کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کےمطابق ریگولر حج سکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج کا انتخاب کیا گیا ۔کراچی پریس کلب میں نگران وزیر مذہبی امور انیق احمد نے پریس کانفرنس میں حج قرعہ اندازی کا اعلان کیا ۔

قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گذاروں کی روانگی کے شہروں کے لحاظ سے ویٹنگ لسٹ مرتب کر لی گئی۔ متعلقہ شہروں سے حج درخواست کینسل کروانے والوں کی جگہ ویٹنگ لسٹ پر موجود افراد کو منتخب کیا جائے گا۔ وزارت مذہبی امور نے تمام درخواست گذاروں سے کہا ہے کہ انہیں بذریعہ موبائل میسج، ویب سائٹ اور موبائل ایپ سے اطلاع مل سکے گی۔

سپانسر شپ سکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی 31 دسمبر تک جاری رہے گی۔ درخواست گذاروں میں 56 فیصد خواتین اور 44 فیصد مرد عازمین حج شامل ہیں ۔ اس موقع پرنگران وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس سلسلے میں یہ واضح ہو جائے کہ شفاف نظام رکھا گیا ہے ۔ ہم نےپہلی مرتبہ پاکستان میں قلیل المدتی حج کی سہولت دی ہے۔ہم ہر حاجی کو ایک سوٹ کیس کیو آر کوڈ کے ساتھ دے رہے ہیں تاکہ نہ حاجی اور نہ حاجی کا سامان گم ہو ۔

انہوں نے کہا کہ تمام خواتین کو پاکستانی پرچم ولا ایک عبایا مفت فراہم کیا جائے گا۔سات جی بی کا ڈیٹا کارڈ بھی مفت فراہم کر رہے ہیں۔کراچی کو روڈ ٹو مکہ میں شامل کر لیا گیا ہے۔حج پیکیج کو ایک لاکھ روپیہ کم کیا گیا ہے ۔ائیر لائن ٹکٹ کو بھی کم کرنے کی کوشش ہے، رعایت حجاج تک منتقل کی جائے گی۔

اس سال حج پالیسی میں 25 ہزار سیٹیں سپانسرشپ سکیم میں رکھی گئی ہیں ۔ہم یہ تمام کام حجاج کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے کر رہے ہیں ۔

مزیدخبریں