ایک نیوز :چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہرنے کہا کہ شاہ محمود سے کئے گئے سلوک، ان پر تشدد ،ٹھنڈے کمرے میں رکھنے اور سونے نہ دینے کی مذمت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہسابق چیئرمین ڈٹے ہوئے ہیں وہ آخری بال تک لڑیں گے،ہماری جدوجہد آئین و قانون کی بالادستی کے لئے ہے،سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ شاہ محمود کی دی گئی ضمانت کے بعد اب سوموٹو لے ۔
عدالت سے امید ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے کوئی اقدام کرے گی،پی ٹی آئی ورکر حوصلہ رکھیں،پرامن رہیں،جیت آپکی ہو گی،ہم چاہتے ہیں کہ سابق چیئرمین الیکشن لڑیں،نواز شریف جس پلان کے تحت آیا وہ تو کسی کو الیکشن لڑنے نہیں دے رہا،لوگوں کو کاغذات نامزدگی کے حوالے سے مشکلات ہیں۔ان کا کہناتھا کہ شیخ رشید کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا،انکی اپنی پارٹی ہےفی الحال پی ٹی آئی کا یہی فیصلہ ہے کہ ہر سیٹ پر اپنا امیدوار کھڑا کرے گی،ٹکٹ دو چار دنوں میں فائنل کر رہے ہیں،ہمارے سب امیدواروں نے کاغذات نامزدگی فائل کر دیئے ہیں۔ہمیں کل تک پتہ نہیں تھا کہ شاہ محمود قریشی پر 12مزید مقدمات درج ہیں،کسی بھی کیس میں شاہ محمود قریشی کو شامل نہیں کیا گیا،جب تک وہ اڈیالہ جیل رہے انکو ان کیسز میں شامل تفتیش نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے کوئی مطمئن نہیں ،جس طرح شاہ محمود قریشی کو دھکے دیئے گئے ان کے سٹیٹس کا خیال نہیں رکھاگیا،وہ سجادہ نشین ہے اسکا بھی خیال نہیں رکھا گیا ۔ان کا کہناتھا کہ یہ نگران سیٹ اپ بے اقدار ہے،یہ ساری اقدار بھلا بیٹھے ہیں،یہ کیسے صاف شفاف الیکشن کرا سکتے ہیں۔