ویب ڈیسک :خدیجہ شاہ کے وکیل محب خان نے بتایا کہ خدیجہ شاہ کو آج ضمانت پر رہائی مل گئی، خدیجہ شاہ کوئٹہ سے لاہور کیلئے روانہ ہو گئیں ۔
تفصیلات کےمطابق ایک نیوز نیوز سے گفتگوکر تے ہوئے خدیجہ شاہ کے وکیل محب خان نے کہا کہ خدیجہ شاہ کو ضمانت پر رہائی ملی ہے ،رہائی کے وقت خدیجہ شاہ کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔پولیس حکام کے مطابق 9 مئی واقعات کے حوالے سے خدیجہ شاہ کے خلاف کوئی ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے انہیں رہا کیا گیا۔
واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں خدیجہ شاہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سید اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔ پولیس کی جانب سے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔
خدیجہ شاہ کو 2 ہفتے قبل لاہور سے راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ منتقل کیا گیا تھا، جس کے بعد آج انہیں عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے خدیجہ شاہ کو جرم ثابت نہ ہونے پر رہا اور فیملی سمیت لاہور روانہ کرنے کا حکم جاری کردیا۔سماعت کے موقع پر خدیجہ شاہ کے اہل خانہ بھی عدالت میں موجود تھے۔