ایک نیوز: بورےوالا سے پی ٹی آئی کے تین اشتہاری رہنماؤں کی 10 مئی کے مقدمات میں ضمانتیں کنفرم ہوگئی ہیں۔ رہنماؤں میں سابق ایم پی اے ظہور کھرل، بیرسٹر خالد زبیر نثار اور عائشہ نذیر جٹ شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان کی گرفتاری کے بعد 10 مئی کو کیے جانے والے احتجاج کے خلاف کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج مرزا شاہد بیگ نے کی۔
عدالت نے پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے رائے ظہور کھرل، پی ٹی آئی امیدواران قومی اسمبلی خالد نثار ڈوگر اور عائشہ نذیر جٹ کی عبوری ضمانت کنفرم کردی۔
عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عائشہ نذیر جٹ احتجاج کے وقت موجود نہیں تھیں اور ایف آئی آر کے ملزمان میں کسی خاتون کا ذکر نہیں ہے جبکہ بجلی چوری کے مقدمہ میں عدالت نےعائشہ نذیر جٹ اور خالد نثار کی عبوری ضمانت 15جنوری تک منظور کرلی۔
اس موقع پر عائشہ نذیر جٹ کا کہنا تھا کہ اللہ نے ہمیشہ حق اور سچ کا ساتھ دیا ہے۔ عدلیہ آزاد ہے۔ بوگس مقدمات میں ریلیف دے رہی ہے۔ بجلی چوری کا جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ میٹر نہ میرے نام ہے اور نہ میرے استعمال میں ہے۔