ویب ڈیسک: عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہاسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کا موجودہ معاشی ماڈل کام نہیں کر رہا ہے۔
ناجی بینہاسین نے یو این ڈی پی کی تازہ اشاعت میں شائع ہونے والے پالیسی وژن مضمون میں لکھا کہ پاکستان کے اکنامک ماڈل کام اس لیے نہیں کر رہا کیوںکہ وہ اپنے ہمسایوں سے پیچھے رہ گیا ہے، وہاں غربت کے خاتمے میں نمایاں پیشرفت اب پلٹنا شروع ہو گئی جب کہ ترقی کے فوائد ایک اشرافیہ کو ملے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس بات پر وسیع اتفاق رائے ہے کہ ان پالیسیوں کو تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے جو ترقی کو متاثر کرتی ہیں، صرف چند لوگوں کو فائدہ پہنچاتی ہیں، اور بہت غیر مستحکم و کم ترقی کا باعث بنتی ہیں۔
یو این ڈی پی کے سہ ماہی ترقیاتی میگزین ڈیولپمنٹ ایڈوکیٹ پاکستان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کا شدید سامنا ہے جہاں قدرتی آفات کے ممکنہ تباہ کن اثرات پہلے ہی واضح ہیں جو پاکستانی حکام، سول سوسائٹی اور دانشوروں کو ملک میں اہم ترقیاتی حل کے راستوں پر خیالات کا تبادلہ کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے زور دیا کہ زرعی خوراک اور توانائی کے اہم شعبے میں پالیسی کی ناکامیوں اور خرابیوں کو دور کیا جانا چاہئے، زراعت میں سبسڈی اور قیمتوں کی پابندیوں کو ختم کرنے کے لئے اصلاحات کی ضرورت ہے۔
عالمی بینک کے عہدیدار نے کہا کہ نجی شراکت داری میں اضافہ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں اصلاحات سے مالیاتی استحکام کی جانب پیشرفت کو مستحکم، تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی کو بہتر بنانا چاہئے جب کہ قابل تجدید پیداوار میں اضافے کے ذریعے بجلی کی پیداوار کی بہت زیادہ لاگت کو حل کرنا چاہئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مالیاتی انتظام کو تیزی سے بہتر بنانے کی ضرورت ہے، قرضوں کی ادائیگی کے اخراجات اور گھریلو محصولات کو متحرک کرنے کی لاگت غیر مستحکم سطح پر ہے جس سے انسانی ترقی وبنیادی ڈھانچے میں سرمایہ کاری کرنے، معاشی چیلنجوں سے نمٹنے اور بدلتے ہوئے ماحول کے مطابق ڈھلنے کے لیے ناکافی وسائل موجود ہیں۔
ورلڈ بینک کنٹری ڈائریکٹر نے تجویز پیش کی کہ حکومتی اخراجات کے معیار کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے اصلاحات بنانے کے علاوہ تخریبی سبسڈیز میں کمی اور توانائی کے شعبے سمیت غیر موثر سرکاری ملکیتی اداروں سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنا بھی ضروری ہے۔
خاص طور پر چھوٹی کمپنیوں کے لیے مجموعی کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، ریڈ ٹیپ کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ کاروباری اداروں کے ساتھ حکومت کے معاملات میں مہنگی صوابدید کے مواقع سب سے اہم ہیں۔
ناجی بینہاسین نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے زیادہ مستحکم معاشی ماحول کو یقینی بنانے کے لئے ساختی میکرو اکنامک عدم توازن ، خاص طور پر مالی پہلو پر قابو پانا ایک شرط رہے گی۔