ویب ڈیسک:نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے مسلم ممالک کے سفیروں کی اہم ملاقات،امت مسلمہ کو درپش مسائل پرگفتگو کی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے بحرین، مصر، عراق، اردن، کویت، لبنان، لیبیا، مراکش، عمان، فلسطین، سعودی عرب، شام، متحدہ عرب امارات اور یمن کے سفر ا نے ملاقات کی ۔وزیر خارجہ، وزیر اعظم کے سیکرٹری اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسلمان ملکوں کے سفرا سے ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرتے ہوئے امت مسلمہ کو درپیش اسلاموفوبیا جیسے پیچیدہ مسائل سے نمٹنے کے لیے کام جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ (مینا) خطے کے مسلم ممالک کے سفیروں سے ظہرانے پر ملاقات کی۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان کے مسلم دنیا بالخصوص مینا خطے کے ممالک کے ساتھ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ افہام و تفہیم ، دوطرفہ اور مشترکہ دلچسپی کے علاقائی امور پر قریبی تعاون پر مبنی ہیں۔
نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ سے مسلم ممالک کے سفرا کی ملاقات
Dec 28, 2023 | 00:30 AM