ایک نیوز : وزیر اعظم شہباز شریف نے بحرین کے شاہ حمد بن آل خلیفہ اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو جنیوا میں کلائمیٹ ریزیلینٹ پاکستان کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کو 9 جنوری کو ہونے والی کانفرنس کے بارے میں آگاہ کیا اور بحرین سے اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کی درخواست کی جس پر شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے پاکستان میں موسمیاتی سیلاب کے بعد تعمیر نو اور بحالی کے اقدامات کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے دوستانہ اور تاریخی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ دونوں رہنماؤں کا ایک دوسرے کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کو فون کر کے جنیوا میں بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اپنی گفتگو میں وزیراعظم نے اپنی عوام اور حکومت کی جانب سے ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔