یوٹیوبرز کی پی اےسی اجلاس میں شرکت پر پابندی

Dec 28, 2022 | 13:47 PM

ایک نیوز: پاکستان کی پارلیمان کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے یوٹیوبرز کے کمیٹی کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق کمیٹی اجلاس کے آغاز پر چیئرمین پی اے سی  نور عالم خان نے کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ صرف الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا سے وابستہ صحافی ہی پبلک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس کی کوریج کرسکتے ہیں اس لیے یوٹیوبرز کے کمیٹی اجلاس میں آنے اور اس (اجلاس) کی کوریج کرنے پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پی اے سی میں بعض اوقات حساس معاملات زیربحث آتے ہیں باضابطہ صحافی ان معلومات کو پیشہ وارانہ اصولوں کے مطابق رپورٹ کرتے ہیں ’لیکن اس طرح کے یوٹیوبرز ایسی حساس معلومات کو غیرذمہ دارانہ طریقے سے رپورٹ کرتے ہیں جو کسی صورت مناسب نہیں۔‘

چیئرمین پی اے سی نورعالم خان کا کہنا تھا کہ ’ یوٹیوبرز کسی قانون اور قاعدے کے تحت پارلیمانی کمیٹیوں کی کوریج کا استحقاق بھی نہیں رکھتے۔ اس لیے ہمارے فیصلے سے کسی کا بنیادی حق یا استحقاق مجروح نہیں ہوا۔‘

پی اے سی کے چیئرمین نورعالم خان نے واضح کیا ہے کہ ’باضابطہ صحافت کرنے والے رپورٹرز اگرچہ اپنے یوٹیوب چینل بھی رکھتے ہیں اور ان پر اپنے وی لاگ اپ لوڈ کرتے ہیں تو ہمیں ان سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ کیونکہ وہ تجربہ کار اور صحافتی اخلاق اور ادارہ جاتی پالیسیوں سے آگاہ ہوتے ہیں۔ ان پر کوئی پابندی نہیں ہے بلکہ پابندی صرف غیر صحافتی عناصر یا یوٹیوبرز پر ہے۔‘

یاد رہے کہ ہر گزرتے دن پر یوٹیوب معلومات کی فراہمی کا ذریعہ بن رہا ہے اور متوازی میڈیا کی اہمیت اختیار کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب جامعات میں میڈیا ڈیپارٹمنٹس کے طلبہ کو ڈیجیٹل میڈیا کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے، اس لیے اس طرح کی پابندیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جاتا ہے۔

مزیدخبریں