ایک نیوز: تحریک انصاف کا ایک بار پھر یو ٹرن، تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کا ٹائم لیا اور پھر پارلیمنٹ ہاؤس ہی نہ پہنچے، راجہ پرویز اشرف پی ٹی آئی وفد کی راہ تکتے رہ گئے۔
قومی اسمبلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیکر سے ملاقات کا وقت لینے کے باوجود تحریک انصاف کا وفد پارلیمنٹ ہاؤس نہ پہنچا۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف صبح 10 بجے سے اپنے چیمبر میں موجود انتظار کرتے رہے۔تحریک انصاف کے چیف وہیپ عامر ڈوگر سمیت کسی رہنما نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
گذشتہ روز عامر ڈوگر نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وفد کی ملاقات کے لیے وقت مانگا تھا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے اراکین کو استعفوں کی منظوری کے لیے سپیکر فرداً فرداً اراکین کو بلانے کے فیصلے پر قائم ہیں۔
تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اب تحریک انصاف کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ملاقات کیلئے کل کا وقت مانگا ہے، راجہ پرویز اشرف نے ایک بار پھر ملاقات کی حامی بھر لی ہے۔ طے پانے والے شیڈول کے مطابق پی ٹی آئی وفد کی ملاقات کل پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگی۔
شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں وفد کل راجہ پرویز اشریف سے ملاقات کرے گا ، ملاقات پارلیمنٹ ہاؤس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہوگی۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے شیڈول سے پی ٹی آئی وفد کوآگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی رہنما عامرڈوگرنے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے معاملے پر اسپیکرقومی اسمبلی سے ملاقات کے لئے رابطہ کیا تھا۔پی ٹی آئی وفد میں شاہ محمود قریشی،اسدعمر، اسد قیصر، پرویزخٹک اور عامرڈوگر شامل ہوں گے، ملاقات میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا ۔