ایک نیوز: مہنگائی کا بوجھ ایک مرتبہ پھر غریب عوام پر ڈالنے کی تیاری شروع کردی گئی۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے روٹی 25 جبکہ نان 35 روپے کرنے کی ٹھان لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے نان اور روٹی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو خط لکھ دیا۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ میدے اور آٹے کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہو گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 80 کلو فائن آٹے کی قیمت 10 ہزار 500 روپے جبکہ 15 کلو آٹے کی قیمت 1900 روپے ہوگئی ہے۔
خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سرکاری آٹا تندور مالکان کو مل ہی نہیں رہا اور بازار سے آٹا خرید کر روٹی سرکاری نرخوں پر دینا ناممکن ہوگیا ہے۔ اس لیے روٹی کی قیمت 25 اور نان کی قیمت 35 روپے کرنے کی اجازت دی جائے۔