ایک نیوز: بالی وڈ اداکارہ تنیشا شرما خودکشی کیس میں گرفتار شیزان خان نے خاتون پولیس افسر کے سامنے تفتیش کے دوران اپنا پرانا مؤقف تبدیل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی وڈ اداکارہ تنیشا شرما کی خودکشی کے معاملے میں زیر تفتیش اداکار شیزان خان نے اپنے اور تنیشا کے درمیان تعلق ٹوٹنے کے حوالے سے اپنا بیان بدل دیا ہے۔
اداکارہ کی والدہ کی مدعیت میں درج مقدمےمیں دوران تفتیش خاتون پولیس افسر نے شیزان خان سے سوالات کیے جس کے بعد اس نے اپنا پچھلا بیان بدل دیا۔
میڈیا کے مطابق شیزان خان نے کسی اور لڑکی کے ساتھ اپنے تعلقات کی تردید کر دی تھی جبکہ اداکارہ کی والدہ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ شیزان خان ان کی بیٹی کے ساتھ تعلق کے دوران کسی اور لڑکی کے ساتھ تعلق استوار کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شیزان نے میری بیٹی کے ساتھ شادی کے وعدے بھی کیے تھے، شیزان کو سخت سزا ملنی چاہے کیوں کہ اس کی وجہ سے میں نے اپنی اکلوتی اولاد کو کھو دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت پولیس کے تحقیقاتی افسران شیزان خان کی خفیہ گرل فرینڈ کے حوالے سے تفتیش کررہےہیں، اب تک علی بابا: داستان کابل کے سیٹ سے 17 لوگوں سے تفتیش کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ 24 دسمبر کو اداکارہ تنیشا شرما نے علی بابا : داستان کابل‘ کے سیٹ پر ہی خودکشی کر لی تھی اور اداکارہ اپنے ساتھی اداکار شیزان ایم خان کے میک اپ روم میں موجود تھیں اور وہ میک اپ روم کے واش روم میں مردہ پائی گئیں۔
جب وہ کافی دیر تک واش روم سے باہر نہ آئیں تو لوگوں نے دروازہ توڑا تو مبینہ طور پر وہ پھندے سے لٹکی ہوئی پائی گئیں۔