گزشتہ دورِ حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، وزیرِ اعظم 

Aug 28, 2024 | 20:22 PM

 ویب ڈیسک:وزیراعظم محمد شہباز شریف  کا کہنا ہے گزشتہ دورِ حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی ۔  

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کی ترقی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا ،اجلاس میں وزیرِ اعظم کو عالمی ریٹنگ کے ادارے موڈیز کی پاکستان کی ریٹنگ میں بہتری، مختلف شعبوں میں دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے معاہدوں پر پیش رفت اور جاری منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا ،اجلاس کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے کے تحت منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا ۔

وزیراعظم  نے بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرنے پر اطمینان کا اظہار  کرتے ہوئے تمام منصوبوں میں شفافیت کے عنصر کو کلیدی اہمیت دینے کے ساتھ ساتھ ان کے نفاذ کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔  

اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا   اللہ کے فضل و کرم سے معاشی ٹیم کی کاوشیں رنگ لا رہی ہیں ،گزشتہ دورِ حکومت میں ملک کی خاطر اپنی سیاست کی قربانی دی، پاکستانی معیشت کو ڈیفالٹ سے بچایا، معیشت استحکام کے بعد ترقی کی جانب گامزن ہے ،حکومت کی جانب سے قومی مفادات کو سیاسی مصلحتوں پر ترجیح دینے کی پالیسی کے مثبت اثرات اب معیشت پر نظر آنے لگے ہیں،موڈیز کی جانب سے پاکستان کو سی اے اے ٹو ریٹنگ  دیئے جانا حکومت کی معاشی پالیسیوں کے درست ہونے کا بین الاقوامی اعتراف ہے ،امید ہے کہ معیشت اسی رفتار سے مثبت سمت میں آگے بڑھتی رہے گی ،اس اہم پیشرفت اور معیشت کی مجموعی بہتر صورت حال کے حوالےسے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ 

انہوں نے مزید کہا دوست ممالک سے ملک کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار حکومت کی کاروبار و سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کا نتیجہ ہے،دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے منصوبوں پر عملدرآمد میں کسی قسم کی سست روی قبول نہیں،تمام وزراء اور متعلقہ ادارے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کو تیز بنانے کیلئے اقدامات کریں، پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، معدنیات و قیمتی پتھروں اور توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع ستعداد موجود ہے ،ان شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ لاکھوں نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا  ہوں گے۔ 

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جان کمال خان، احد خان چیمہ، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، عبدالعلیم خان نے شرکت کی، وزراء مملکت علی پرویز ملک، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیرِ اعظم کے کوارڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلی حکام  بھی شریک ہوئے۔   

مزیدخبریں