ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ میں سات روز سے جاری آپریشن کے دوران خوارج کے سرغنہ سمیت 25 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 سکیورٹی اہلکار بھی بھی شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکرِ اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع پیمانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیا جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس کے حامیوں کو بھاری نقصان پہنچا یا گیا ہے۔
20 اگست سے جاری خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر جرات مندانہ اور کامیا ب آپریشن کے دور ان سیکیورٹی فورسز نے 25 خوارج کو ہلاک کردیا جن میں خوارج کا سرغنہ ابوذر عرف صدام بھی شامل ہے، ان کا رروائیوں میں 11 خوارج زخمی بھی ہوئے۔ آپریشن کے دوران فورسز کے4 جوان بھی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران، چار بہادر سپاہیوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کا رتبہ حاصل کیا،ان آپریشنز میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان سیکیورٹی فورسز کے عزم اور دہشت گردی کے خاتمے کے عہد کا ثبوت ہے۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل بلوچستان میں مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کی جانب سے بزدلانہ حملے کیے گئے جس کے جواب میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 21 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، آپریشن کے دوران 14 سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوئے۔