جماعت اسلامی کا انتخابات میں نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

جماعت اسلامی کا انتخابات میں نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ

ایک نیوز: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے نوجوان آج پاکستان سے زندہ بھاگ کے نعرے لگا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق   جماعت اسلامی یوتھ کے مرکزی کونسل اجلاس کے بعد امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں نوجوان نشے میں مبتلا ہو گئے ہیں،شرافیہ کے روئیے سے نوجوان متنفر ہو رہے ہیں۔
 سراج الحق نے کہا کہ  عدل و انصاف سمیت نوجوانوں کے لیے تمام دروازے بندہیں۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے نوجوان آج پاکستان سے زندہ بھاگ کے نعرے لگا رہے ہیں۔اس ملک میں کرپٹ اشرافیہ کا مستقبل محفوظ ہے،ایک حالیہ سروے کے مطابق 72فیصد نوجوان ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔سراج الحق کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی نے انتخابات میں نوجوانوں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابقہ حکمرانوں نے ہمیشہ نوجوانوں کو گندی سیاست کے لیے استعمال کیا۔

سراج الحق کا کہنا ہےکہ واپڈا پاکستانی قوم پر ڈرون حملے کر رہا ہے۔ساری دنیا میں امیروں سے لے کر غریبوں کو دیا جاتا ہے لیکن پاکستان میں غریبوں سے لے کر امیروں کو دیا جاتا ہے۔ ایک طرف لوگ بھوکے سوتے ہیں اور دوسری طرف مراعات یافتہ طبقے کو سترہ ارب ڈالر کی مراعات دی جاتی ہیں۔
سراج الحق نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی آئی پی پی کے ساتھ معایدوں پر نظر ثانی چاہتی ہے ہم سولر پر ٹیکسوں کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ہم مفت بجلی استعمال کرنے والے سرکاری ملازمین کی اس سہولت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔عوام پر مہنگائی کا بوجھ دہشت گردی ہے، حکومت ظالمانہ ٹیکس واپس لے۔
سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی دو ستمبر کا شٹر ڈاون ہڑتال کرے گی اور یکم ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاجی جلسہ ہو گا۔