ایک نیوز : بلوچستان ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانہ میں درج ایف آئی آر خارج کر دی۔
بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس گل حسن ترین نے تحریک انصاف کے سربراہ کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔
معزز عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ قانونی اختیار کے بغیر درخواست گزار کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے بعد وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
عدالت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے تحریک انصاف کے سربراہ کے وارنٹ گرفتاری بھی معطل کر دیے۔
اضح رہے عمران خان پر اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کا مقدمہ کوئٹہ کے بجلی گھر تھانہ میں درج تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ شہری عبدالخلیل کاکڑ کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کیے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے افسران کے خلاف بلاجواز اشتعال انگیز تقاریر کرکے نفرت پھیلائی۔
اس سے قبل عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ میں کوئٹہ کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائرکر رکھی تھی۔