ایک نیوز : اسرائیلی وزیر خارجہ سے ملاقات کے بعد لیبیا کی قومی اتحادی حکومت کے سربراہ نے وزیر خارجہ نجلا منقوش کو معطل کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ نجلا منقوش کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا تھا کہ انہوں نے لیبیا کی وزیر خارجہ سے اٹلی میں خفیہ ملاقات کی ہے۔
وزیراعظم عبدالحمید دیبہ نے وزیر خارجہ کی معطلی کا حکم دیا ہے جبکہ صدارتی کونسل نے وزیر خارجہ کی ملاقات پر وضاحت مانگی ہے۔
وزیراعظم کی جانب سے فیس بک پر دیے گئے ایک بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ کو ’عارضی طور پر‘ معطل کر دیا گیا ہے اور ان سے وزارت انصاف کا ایک کمیشن ’انتظامی تحقیقات کرے گا۔‘
ریاست کی مجلس اعلیٰ جو لیبیا کی سیاست میں مشاورت کا کردار ادا کرتی ہے، نے بھی وزیر خارجہ کے دورے پر ’حیرت‘ کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ’ذمہ داروں کو جواب دہ ٹھہرایا جائے۔‘
ملاقات پر لیبیا کی وزارت خارجہ نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجلا منقوش نے اسرائیل کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات کو مسترد کر دیا تھا اور یہ کوئی باضابطہ ملاقات نہیں تھی۔