ایک نیوز: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر کی ہدایت پر پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے اسٹیج ڈراموں کی آڑ میں فحاشی و عریانی پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب آرٹس کونسل نے ڈپٹی کمشنرز گوجرانولہ، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، ساہیوال، بھکر، شیخوپورہ اور پاکپتن کو ہدایات جاری کر دیں ہیں۔ عامر میر کا کہنا ہےکہ ڈرامہ ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے اور فحاشی پھیلانے والے اداکاروں، پروڈیوسرز اور تھیٹر مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں ڈرامہ ایکٹ اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی کی جائے۔
عامر میر کا مزید کہنا ہےکہ کوئی بھی تھیٹر سکرپٹ کی سکروٹنی، فل ڈریس ریہرسل اور این او سی کے بغیر ڈرامہ نہیں دکھا سکے گا۔پنجاب آرٹس کونسل کی ٹیمیں صوبے بھر میں ڈراموں کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔جہاں بھی شکایت موصول ہوئی وہاں سخت کارروائی کی جائے گی۔