ایک نیوز:قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے تنخواہوں میں اضافے اور ادارے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کرنے والے یونین رہنماؤں سمیت ڈھائی سو ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔
پی آئی اے انتظامیہ نے سی بی اے پیپلز یونٹی اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کرادی، مقدمہ ائیرپورٹ تھانے میں پی آئی اے کے ڈپٹی جنرل منیجر سکیورٹی ارشد بٹ نے درج کرایا، مقدمے میں سی بی اے پیپلز یونٹی کے صدر ہدایت اللہ خان، آفیسرز ایسوسی ایشن کے عقیل صدیقی ، صفدر انجم سمیت ڈھائی سو افراد کو نامزد کیا گیاہے۔
مقدمے میں کہا گیا ہےکہ سی بی اے اور آفیسرز ایسوسی ایشن کے نامزد افراد تنخواہوں میں اضافے کے لیے پی آئی اے کی نجکاری اور حکومتی فیصلوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، ہیڈ آفس میں احتجاج اور تالا بندی سے پی ئی اے انتظامیہ اور فلائٹ آپریشن کو خطرہ ہے۔
پی آئی اے ذرائع کے مطابق سی بی اے پیپلز یونٹی کے رہنماؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے پی آئی اے ٹاؤن شپ میں چھاپے مارے،چھاپوں کے دوران پی آئی اے سکیورٹی کے اہلکار بھی پولیس کے ساتھ تھے۔
سی بی اے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ چھاپوں کے دوران پولیس نے اہل خانہ کو ہراساں کیا ہے،کسی رہنما کی گرفتاری کی تصدیق نہیں ہوئی۔
پی آئی اے ایکشن کمیٹی کے کنوینر ہدایت اللہ نے مقدمہ درج کرنے اور چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ انتقامی کارروائیاں جدوجہد سے نہیں روک سکتیں۔