ایک نیوز نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کا سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان انتظامیہ کی جانب سے ہنگامی کال کی گئی تھی، جی او سی منگلا ڈویژن اور کمانڈر منگلا بریگیڈ پتن کے قریب فلڈ اسیسمنٹ مشن پر تھے۔ آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قیمتی جان بچانے کی ہنگامی کال پر ہیلی کاپٹر کا رخ موڑا گیا۔ پاک آرمی ایوی ایشن کے پائلٹس نے انتہائی خطرناک صورتحال میں ایک شخص کو ریسکیو کیا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ اگر ٹیم بروقت نہ پہنچتی تو قیمتی جان کا ضیاع ہوسکتا تھا لیکن پائلٹ نے بھی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشکل حالات میں ہیلی کاپٹر اتار کر پھنسے شخص کو ریسکیو کیا۔ اپنے بیان میں آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ فوج اور آرمی ایوی ایشن اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے اپنے بہن بھائیوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آرمی چیف کے وژن کے مطابق ادارے کی اولین ترجیح پاکستان کے عوام ہیں۔ اس وقت تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہر فرد تک پہنچ کر مدد نہیں کی جاتی۔