ایک نیوز نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے حوالے سے براہ راست خطاب کیا ہے۔ جس میں انہوں نے صاحب حیثیت افراد سے سیلاب متاثرین کی مدد کی اپیل کی ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں ںے کہا ہے کہ سیاست کا یہ وقت نہیں، سیلاب متاثرین کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت ہے۔
انہوں نے ایک مرتبہ پھر تمام اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو تمام کام چھوڑ کر سیلاب متاثرین کی مدد کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے شہاز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بہترین کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور شہباز شریف سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے اور دکھی انسانیت کا ہاتھ تھامیں گے۔ کسی صورت بھی متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا کیونکہ یہ وقت سیاست کا نہیں متاثرین کی مدد کا ہے۔
نواز شریف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ سیلاب نے ایک انسانی المیے کو جنم دے دیا ہے، جس سے ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ اس وقت سب کو اپنے اعمال کا جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔ اس وقت ہر کسی کو دل کھول کر متاثرین کی مدد کرنی چاہیے۔
سابق وزیراعظم نے اپیل کی کہ دکھی انسانیت کی مدد کا جذبہ رکھنے والے سیلاب متاثرین کی ہر حد تک مدد کریں۔ ان کے لیے خیمے لگائیں، کیمپس لگائیں کیونکہ ددکھی انسانیت آپ کی مدد کی منتظر ہے۔