دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب کا ریڈ الرٹ جاری

Aug 28, 2022 | 11:17 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: دریائے سندھ سے آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا گزرنے کی وارننگ جاری کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے وارننگ جاری کی ہے کہ آج 7 لاکھ کیوسک کا ریلا دریائے سندھ سے گزرے گا۔

دریائے سندھ میں اونچے درجے کے سیلاب سے دیہی علاقے زیر آب آ سکتے ہیں، محکمے نے لوگوں کو فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔

دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے، نشیبی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق اہل علاقہ اپنی مدد آپ کے تحت بے نظیر شہید برج روڈ پر منتقل ہو رہے ہیں۔

ادھر سندھ میں سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد 5 لاکھ 62 ہزار 200، اخراج 5 لاکھ 62 ہزار 200 کیوسک ہے۔

گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 4 لاکھ 85 ہزار 320 کیوسک ہے، کوٹری بیراج پر بھی درمیانے درجے کا سیلاب ہے، بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 3 لاکھ 34 ہزار 911 کیوسک ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گڈو بیراج میں پانی کی آمد میں آج مزید اضافہ ہوگا، جس سے دریائے سندھ کے اطراف کچے کا علاقہ مکمل متاثر ہوسکتا ہے۔

دادو، فرید آباد کے قریب ایف پی بند میں 2 مقامات پر شگاف پڑنے سے بلوچستان سے آنے والا سیلابی ریلا 50 سے زائد دیہات میں داخل ہوگیا ہے، جس سے سیکڑوں افراد محصور ہوگئے، پاک فوج نے ریسکیو آپریشن میں 36 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا۔

مزیدخبریں