جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ مجسٹریٹ متاثرہ خاتون عائشہ اکرم کے انتظار کے بعد واپس روانہ ہوگئے، عائشہ اکرم طبیعت خراب ہونےکی وجہ سے جیل نہ آسکی۔ پولیس کے مطابق شاہدرہ پولیس عائشہ اکرم کو لینے گئی،انہوں نے انکار کردیا۔عائشہ اکرم نے کہا اُنہیں بخار ہے،چل بھی نہیں پارہی۔
شناخت پریڈ کیلئے نئی تاریخ یکم ستمبر مقرر کردی گئی ہے۔مجسٹریٹ نےجیل سپرنٹینڈینٹ کو نئی تاریخ پر انتظامات کی ہدایت کردی۔دوسری جانب گرفتار ملزمان کے اہل خانہ نے جیل کے باہر احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ شناخت پریڈ مکمل کرکے بچوں کو رہا کیا جائے۔
واضح رہے کہ مینارِ پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے دست درازی کا واقعہ 14 اگست کو گریٹر اقبال پارک میں پیش آیا تھا، واقعے کا مقدمہ 400 سے زائد افراد کے خلاف تھانہ لاری اڈا میں درج ہے۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے 141 افراد کی شناخت پریڈ آج ہونی تھی، عائشہ اکرم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بلایا گیا تھا۔