سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کرتے ہوئے وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا نظریہ کام، کام اور کام ان کی پرفارمنس کا محرک ہے۔ تخت لاہور کو نوازنے کی پالیسی کے بجائے تمام اضلاع کے لیے 360 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب کے 70 فیصد خاندانوں کو سوا 7 لاکھ روپے مالیت سالانہ کے ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے گئے۔ صوبے میں 6 نئی یونیورسٹیاں قائم کی جا چکی ہیں، 15 تکمیل کے مراحل میں ہیں، ٹیکس، ریونیو، انڈسٹریز، انفرا اسٹرکچر اور سوشل سیکٹر سمیت ہر شعبہ پہلے سے بہتر ہے۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 106 ارب کے کوویڈ ریلیف فنڈ اور مؤثر اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی نے صوبے کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا۔1965ء کے بعد گریٹر تھل کینال کی صورت میں 20 ارب سے پہلا بڑا آبپاشی کا نظام قائم کیا گیا۔
ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ 11 ہزار اسکول سولر انرجی پر منتقل ہونے سے تقریباً 18 لاکھ طلباء کو بجلی کی فراہمی ممکن ہوئی، ایک روپیہ خرچ کیئے بغیر تمام سرکاری جامعات اس سال سولر انرجی پر منتقل ہو جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ نئی نوکریوں اور صنعتی ترقی کے لیے 8 نئے اسپیشل اکنامک زونز اور 4 انڈسٹریل زونز کی اپ گریڈیشن کی گئی۔ قبضہ گروپوں سے 462 ارب کی 180409 ایکڑ اراضی کی بازیابی محکمۂ مال کا بڑا کارنامہ ہے۔