ویب ڈیسک: پاکستان کی پہلی ہینڈ میڈ اینی میٹڈ فلم ’دی گلاس ورکر‘ کا ٹریلر جاری کر دیا گیا۔
مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر فلم ’دی گلاس ورکر‘ کا ٹریلر جاری کیا ہے۔
فلم کے انگریزی زبان میں ریلیز کیے گئے 2 منٹ 4 سیکنڈ کے ٹریلر میں جنگی حالات کے دوران پروان چڑھتی محبت کے دلچسپ مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
مانو اینیمیشن اسٹوڈیوز کے بینر تلے بننے والی فلم ’دی گلاس ورکر‘ کو عثمان ریاض نے ڈائریکٹ کیا ہے۔
غیبلی اسٹوڈیو سے متاثر ہو کر بنائی گئی اینی میٹڈ فلم میں ایک نوجوان ونسنٹ اور اس کے والد ٹامس کی اصل کہانی بیان کی گئی ہے جو ملک میں شیشے کی بہترین ورکشاپ چلاتے ہیں اور اپنی زندگی کو آنے والی ایسی جنگ میں مبتلا پاتے ہیں جس میں وہ خود بالکل بھی حصّہ نہیں لینا چاہتے۔
پھر ایک فوجی کرنل اور اس کی نوجوان، باصلاحیت وائلنِسٹ بیٹی ایلیز کی قصبے میں آمد ان دونوں باپ بیٹے کے رشتے کی حقیقت کو ہلا کر رکھ دیتی ہے اور باپ بیٹے کے رشتے کو سخت امتحان میں ڈال دیتی ہے۔
جیو فلمز کے اشتراک سے فلم ’دی گلاس ورکر‘کو 26 جولائی کو سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا۔