ایک نیوز: ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کا ایئربس طیارہ 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی بحفاظت پہنچ گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ کے ائربس اور سی 130 ہرکولیس طیارے سوڈان سے جدہ کے راستے پاکستانیوں کے انخلا میں مصروف عمل ہیں۔ وزیر اعظم کی ہدایت پر سربراہ پاک فضائیہ نے پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ فلیٹ کو سوڈان میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا کے احکامات جاری کردیے، جس کے بعد ائربس طیارہ 149 مسافروں کو لے کر جدہ سے کراچی بہ حفاظت لینڈ کر گیا۔
پاک فضائیہ کا سی-130 طیارہ پاکستانی مسافروں کو لے کر آج شام لینڈ کرے گا۔ پاک فضائیہ وزارت خارجہ اور سوڈان و سعودی عرب میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مل کر پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی وطن واپسی کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔ پورٹ سوڈان نیو انٹرنیشنل ائرپورٹ سے ریسکیو کیے گئے پاکستانیوں کو پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیاروں کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فضائیہ مصیبت میں گھرے پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کی بہ حفاظت وطن واپسی تک اپنے آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے سوڈان سے پاکستانیوں کے انخلا کی کوششوں پر پوری ٹیم کو شاباش دی ہے۔ انہوں نے پاکستانیوں کی واپسی کے آپریشن میں شریک آئی ایس آئی سمیت تمام فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کا 847 پاکستانیوں کے بحفاظت سوڈان کی بندرگاہ پہنچنے پر اظہار اطمینان اور 107 پاکستانیوں کے جدہ پہنچنے پر اظہار تشکر۔وزیراعظم نے جدہ میں سرکاری رہائش اور پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے پاک فضائیہ کے انتظامات کی بھی تعریف کی۔وزیراعظم نے وزیرخارجہ بلاول بھٹو، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور سیکرٹری وزارت خارجہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے سوڈان میں پاکستانی سفیر، میر بہروز ریگی، ہیڈ آف چانسری محمد سعید، ڈیفنس اتاشی کرنل محمد ہارون، کمرشل اتاشی عطاءاللہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے سوڈان میں پاکستانی سفارت خانے کے عملے محمد بلال شفیق اور راشد خان کو بھی خصوصی شاباش دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سوڈان سے تمام پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی تک بھرپور جذبے سے کام جاری رکھیں۔