ایک نیوز: رسالپور میں پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان میں پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی،وزیر اعظم نے اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی ہیں، پاسنگ آ ؤٹ پریڈ میں دیگر سیاسی اور عسکری قیادت بھی شریک ہے۔
وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیردفاع خواجہ آصف اور سربراہ پاک فضائیہ ائرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو بھی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں موجود ہیں۔
وزیراعظم نے گارڈز آف آنرز کا معائنہ کیا اور کیڈٹس کو اعزازات سے نوازا جبکہ شہباز شریف پی اے ایف اکیڈمی میں خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی اور ان کے والدین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ان کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ہر طرح کے چیلنج میں سرخرو ہوکر ملک کا نام روشن کیا ہے۔دنیا کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، خطے میں امن کیلئے ہمسایہ ممالک کے ساتھ ملکر کوششیں جاری رکھیں گے، تمام ممالک سے دوطرفہ مفادات کی بنیاد پر مثبت تعلقات چاہتے ہیں۔پاکستان کو معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، یقین دلاتا ہوں معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، جلد ملک کے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔ عالمی معاشی بحران سے پاکستانی عوام کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں پاکستان کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا کرے۔