ویب ڈیسک:چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ وہ افراد جو معاشرے میں مایوسی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے تھے، تمام اسٹیک ہولڈرز کی اجتماعی کوششوں سے شکست کھا چکے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف نے ان خیالات کا اظہار کراچی میں تاجر برادری کے رہنماؤں سے ملاقات میں کیا، آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد پر بھی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان کے پاس مختلف شعبوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو پاکستان کے روشن مستقبل پر مکمل یقین اور اعتماد ہونا چاہئے ، پاکستان، اللہ کے حکم سے، اپنے حقیقی مقام تک پہنچے گا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کراچی کور کے علاقے کا دورہ کیا جہاں انہیں آپریشنل تیاریوں اور فوج کے زیر اہتمام اہم تربیتی اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی،دورے کے دوران آرمی چیف نے ’’انوویسٹا انڈس آئی ٹی پارک ‘‘کا افتتاح بھی کیا۔
یہ پارک پاکستان کے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، خصوصاً مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تعلیم اور صنعت کے مابین تعاون کو فروغ دینے کیلئے قائم کیا گیا ہے، افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر اہم سول سوسائٹی کی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے آئی ٹی کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور بتایا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بہتر طریقے سے بروئے کار لایا جا سکے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جا سکے، آرمی چیف نے منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کو فروغ دینے کیلئے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں، ہم پہلے سے ہی ایک تیز رفتار ترقی کی طرف گامزن ہے۔
آرمی چیف نے کراچی کی کاروباری برادری سے بھی ملاقات کی اور ملک کی اقتصادی ترقی میں ان کے کردار کو سراہا جبکہ شرکاء نے ایس آئی ایف سی کی کارکردگی کی تعریف کی اور ملکی معیشت میں مثبت پیشرفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایس آئی ایف سی مزید معاشی ترقی کیلئے سازگار ماحول فراہم کر رہی ہے۔
آرمی چیف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے تمام اقدامات کی حمایت کے لیے کی جانے والی کوششوں کی تعریف کی، آرمی چیف نے برادر اور دوست ممالک، خاص طور پر چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی پاکستان کی معاشی بحالی میں کئی شعبوں میں مدد پر بھی تعریف بھی کی، قبل ازیں، کراچی پہنچنے پر کور کمانڈر کراچی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔