وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب بھر میں سکول بلڈنگز کی چیکنگ کا حکم

Sep 27, 2024 | 15:40 PM

ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز  شریف  نے صوبہ بھر میں سکول بلڈنگز کی چیکنگ کا حکم دے دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق  وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف  سے مظفر گڑھ کے ڈپٹی کمشنر آفس میں ارکان اسمبلی نے ملاقات کی،ارکان اسمبلی نے عوامی مسائل کے حل  کیلئے  تجاویز اور سفارشات وزیراعلیٰ کو پیش کیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مخدوش اور خستہ حال عمارتوں میں بنے سکول سیل کرنے اورسکولوں کی صفائی کی صورتحال کی چیکنگ کی ہدایت کی جبکہ ارکان اسمبلی کی تجاویز پر مظفر گڑھ کے مرکزی روڈز کی تعمیر و مرمت اور بحالی یقینی بنانے کا حکم دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے مظفرگڑھ کے مرکزی علاقوں میں تجاوزات اور ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کیا اور تجاوزات کے خاتمے  کیلئے  فوری طور پر مہم شروع کرنے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے لینڈ ریکارڈ سینٹرز کے بارے میں عوامی شکایات پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ میں کرپٹ عناصر کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے، مظفر گڑھ میں نو گو ایریا ختم ہونا قابل اطمینان ہے، اسے بحال رکھا جائے، سوشل سکیورٹی ہسپتال میں ڈائلسز کی سہولت کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔

مریم نواز  شریف  نے ارکان اسمبلی سے روٹی، آٹا اور اشیائے خورونوش کے نرخوں بارے بھی دریافت کیا،ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ نے سی ایم انیشیٹوز پر رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کی، ڈی پی او مظفرگڑھ نے امن و امان کی صورتحال سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ عوامی امور پر نظر ہے، تمام مسائل حل کرنا چاہتے ہیں، مجھے یقین ہے کچھ سال میں شکایات برقرار نہیں رہیں گی،شاباش دینے میں کنجوس نہیں، چیزوں کو بہتر کرنے  کیلئے  سخت رویہ اپنانا پڑتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر آنے والے دن میں بہتری آ رہی ہے،پولیس کو عوام میں ریلیف اور مجرموں میں خوف کا احساس پیدا کرنا چاہیے، جرائم پیشہ افراد کے خلاف سخت ترین اور فیصلہ کن کارروائی کر کے خوف زدہ کیا جائے،جرائم بر خلاف پراپرٹی کے رجحان پر قابو پایا جائے۔  

مزیدخبریں