ایک نیوز :سوشل میڈیا پلیٹ فارم میٹا نے پاکستان میں آئندہ عام انتخابات سے متعلق حکمت عملی کا اعلان کردیا۔
میٹا ایشیا پیسفک کیلئے مس انفارمیشن پالیسی کی سربراہ ایلس بودی ساتریجو کا کہنا ہے کہ ان حکمت عملیوں میں الیکشن آپریشن ٹیم کی تشکیل، نقصان دہ مواد سے نمٹنے کیلئے مضبوط پالیسی، غلط معلومات کا سدباب، سیاسی اشتہارات کیلئے شفافیت میں اضافہ، ڈیجیٹل خواندگی اور شہریوں کیلئے تعلیمی پروگرام شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں کے دوران ہم نے اپنے پلیٹ فارمز پر انتخابات کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی ہے۔ ہم غلط معلومات، نفرت آمیز تقریر اور ووٹرز پر دباؤ کا سدباب کرتے ہوئے ووٹنگ کے بارے میں لوگوں کو قابل بھروسہ معلومات فراہم کرنے کیلئے اپنی کوششوں پر خاطر خواہ سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ایلس بودی ساتریجو نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا میں انتخابی اصولوں کے تحفظ کیلئے مقامی انتخابی اداروں کے ساتھ روابط رکھنے کے ساتھ ساتھ عالمی تجربات اور ماہرین کی آراء سے استفادہ کرر ہے ہیں۔ پاکستان کے آئندہ عام انتخابات کیلئے میٹا کے پاس متعلقہ موضوع کے ماہرین پر مشتمل ٹیم موجود ہے جو مقامی زبانیں بولنے والے پاکستانی شہریوں کے ساتھ مل کر ابھرنے والے خطرات کی نگرانی اور ردعمل دینے کیلئے ملکی قوانین اور حالات سے بہت زیادہ واقفیت رکھتی ہے۔