ایک نیوز: لاہور کے علاقے رائیونڈ میں 18 سالہ لڑکی سے اجتماعی زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے واقعہ پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے ہدایات جاری کیں کہ متاثرہ لڑکی اور اسکے اہل خانہ کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ متاثرہ لڑکی بھٹہ خشت پر کام کرتی تھی، ملزمان نے اغواء کر کے زیادتی کی۔ جس کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم لڑکی کو بے ہوشی کی حالت میں کھیتوں میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔
ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ ملزمان گھروں سے فرار ہیں۔ جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
دوسری جانب جہلم میں بھی 16 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اغوا کرکے 3 افراد نے گینگ ریپ کردیا۔ جس کے بعد لڑکی کو تشویشناک حالت میں سڑک پر پھینک کر ملزمان فرار ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جہلم کے علاقے کالاگجراں سے لڑکی کو چرچ جاتے ہوئے اغواء کیا گیا تھا۔ والد کی درخواست پر لڑکی کے اغواء کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں لڑکی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ لڑکی کی نشاندہی پر جلد ملزم گرفتار کر لیں گے۔