الیکشن کمیشن ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست آج جاری کرے گا

Sep 27, 2023 | 11:33 AM

ایک نیوز: آئندہ عام انتخابات سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق قومی وصوبائی اسمبلیوں کےلئے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی فہرست آج جاری ہوگی۔

حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے۔ اعتراضات و تجاویز کو الیکشن کمیشن 26 نومبر تک نمٹائے گا۔ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ 

قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رہیں گی۔ قومی اسمبلی کی 266،پنجاب اسمبلی 297 ، سندھ اسمبلی 130 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں۔ بلوچستان اسمبلی 51 اور خیبرپختونخوا اسمبلی کی 115 نشستوں پر حلقہ بندیاں ہوئیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات سے متعلق سیاسی جماعتوں، الیکشن ایجنٹوں اور انتخابی امیدواروں کے لیے ضابطہ اخلاق کا ڈرافٹ جاری کرتے ہوئے مزید مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کو 4 اکتوبر کو دعوت دی ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے سیکشن 233، الیکشن ایکٹ 2017، کے تحت ضابطہ اخلاق پر مشاورت کے لیے سیاسی جماعتوں کا اجلاس 4 اکتوبر 2023 کو دوپہر 2 بجے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں طلب کر لیاہے۔

ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں ضابطہ اخلاق کے ڈرافٹ کی ایک کاپی بھی سیاسی پارٹیوں کے سربراہان کو بھیج دی گئی ہے تاکہ مشاورت کے وقت وہ ضابطہ اخلاق پر بہتر انداز میں اپنا فیڈ بیک دے سکیں۔

مزیدخبریں