ایک نیوز: اے این ایف حکام کا منشیات سمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، اے این ایف نے 5 کاروائیوں میں 118 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد جبکہ 4 ملزمان گرفتار کر لیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی پر غیر ملکی خاتون کے پیٹ سے 86 کوکین بھرے کیپسول برآمد ہوئے، برآمدہ کیپسولز میں سے ایک کلو گرام کوکین برآمد کر لی گئی، مذکورہ خاتون مشرقی افریقہ کے ملک برونڈی سے کراچی پہنچی تھی۔
شکار پور سکھر کے قریب قمبر شہداد کوٹ کے رہائشی ملزم سے 7 کلو چرس برآمد ہوئی، رنگ روڈ پشاور پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 24 کلو چرس اور 18 کلو افیون برآمد ہوئی، نارووال کا رہائشی ملزم منشیات پنجاب سمگل کرنے کی کوشش میں گرفتار کیا گیا۔
واپڈا ٹاؤن لاہور کے قریب کارروائی کے دوران نجی کوریئر کمپنی کا مالک گرفتارکر لیا گیا، ملزم کی گاڑی میں موجود پارسل سے 3 کلو 612 گرام آئس برآمد ہوئی، آئس مہارت کے ساتھ پی آر سی پائپس کی فٹنگ میں چھپائی گئی تھی۔
ملزم نے بیرون ملک منشیات سمگلنگ کیلئے سمگلروں کو سہولیات فراہم کرنے کا بھی اعتراف کیا۔
اے این ایف حکام کا کہنا ہے کہ گوادر کے غیر آباد علاقے میں سمگلنگ کے لئے چھپائی گئی 65 کلو چرس برآمد کی گئی، ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔