ایک نیوز:آرٹی فیشل انٹیلی جنس(اےآئی)ٹیکنالوجی کا تیار کردہ چیٹ جی پی ٹی اب 'دیکھنے، سننے اور باتیں' کرنے کے قابل ہوگیا ہے۔
تفصیلات کےمطابق اوپن اے آئی کے مطابق چیٹ جی پی ٹی کے نئے وائس فیچر کی بدولت یہ چیٹ بوٹ رات کو کہانیاں سنانے کے بھی قابل ہوگیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی سے لیس چیٹ بوٹ میں بڑی اپ ڈیٹس کی گئی ہیں، جس کے بعد صارفین موبائل پر چیٹ جی پی ٹی سے گفتگو کر سکتے ہیں اور اس مقصد کیلئے5 آوازوں میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اسی طرح صارفین چیٹ جی پی ٹی سے تصاویر شیئر کرکے اس کے مخصوص حصوں کا تجزیہ کرا سکتے ہیں،کمپنی نے بتایا کہ یہ نئے فیچر ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو آئندہ2 ہفتوں تک دستیاب ہوں گے۔
وائس چیٹ کا آپشن آئی او ایس اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر چیٹ جی پی ٹی کی ایپ تک محدود ہوگا جبکہ امیج پراسیسنگ کا فیچر تمام پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔
خیال رہے کہ اوپن اے آئی نے نومبر2022 میں چیٹ جی پی ٹی کو متعارف کرایا تھا جس کے بعد سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد اسے استعمال کر رہے ہیں۔
چیٹ جی پی ٹی کی مقبولیت نے دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے گوگل اور میٹا کو اپنے اے آئی چیٹ بوٹس متعارف کرانے پر مجبور کر دیا۔
مائیکرو سافٹ نے تو چیٹ جی پی ٹی پر مبنی اے آئی سسٹمز کو لگ بھگ اپنی تمام سروسز کا حصہ بنا دیا ہے۔