ایشین گیمز: پاکستانی ہاکی ٹیم نے بنگلا دیش کو شکست دیدی

Sep 27, 2023 | 00:30 AM

ایک نیوز :19ویں ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، قومی ہاکی ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف اپنے دوسرے پول میچ میں فتح حاصل کرلی۔ 

پاکستان نے بنگلا دیش کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔ بنگلادیش کی جانب سے پاکستان کے خلاف کھیل کے 19ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کرکے برتری حاصل کی گئی جوکہ پاکستان کی جانب سے کھیل کے 30ویں منٹ میں افراز نے فیلڈ گول کے ذریعے اسکور کر کے اس برتری کا خاتمہ کیا۔

 کھیل کے 40ویں منٹ میں پاکستان کے نوجوان رائیٹ اسٹرائیکر شاہ زیب خان نے فیلڈ گول اسکور کر کے پاکستان کی برتری کو مستحکم بنایا۔ کھیل کے 43ویں منٹ میں پاکستان کے لیفٹ اسٹرائیکر محمد عماد نے پاکستان کی جانب سے تیسرا گول اسکور کیا، بنگلا دیش نے کھیل کے 46ویں منٹ میں فیلڈ گول اسکور کر کے خسارے کو کم کیا۔ تاہم ڈریگ فلکر سفیان خان نے کھیل کے 48ویں منٹ میں پینلٹی کارنر کے نتیجے میں تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعے گول اسکور کرکے پاکستان کی جانب سے چوتھا گول اسکور کیا۔ اس کے بعد کھیل کے 57ویں منٹ میں پاکستان کے ہونہار ڈریگ فلک اسپیشلسٹ ارباز احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے تیز رفتار ڈریگ فلک لگا کر پاکستان کی جانب سے پانچواں گول اسکور کیا۔

پاکستان ہاکی ٹیم 28 ستمبر کو ازبکستان کے خلاف اپنا تیسرا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجےکھیلے گی۔ 

واضح رہے کہ ایشین گیمز ہاکی مقابلوں میں 12 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔ ٹیموں کو دو پول میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پاکستان سمیت بھارت، جاپان، بنگلا دیش، سنگا پور اور ازبکستان کی ٹیمں پول اے میں شامل ہیں جبکہ کوریا ، ملائیشیا، چین، عمان، تھائی لینڈ اور انڈونیشیا کی ٹیمیں پول بی میں شامل ہیں۔ 

مزیدخبریں