پاپ گلوکارہ شکیرا ٹیکس فراڈ کیس میں جیل نہیں جائیں گی؟ 

 پاپ گلوکارہ شکیرا ٹیکس فراڈ کیس میں جیل نہیں جائیں گی؟ 
کیپشن: Pop singer Shakira will not go to jail in tax fraud case?(file photo)

ایک نیوز نیوز: سپین کے علاقے بارسلونا میں کولمبیئن گلوکارہ شکیرا کیخلاف ہسپانوی جج نے ٹیکس فراد کے الزام میں مقدمہ چلانے کی منظوری دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق شکیرا پر الزام ہے کہ انہوں نے سال 2012 اور 2014 کے درمیان کمائی گئی آمدنی پر ٹیکس کی مد میں 14 اعشاریہ 5 ملین یورو کی چوری کی ہے۔ جرم ثابت ہونے پر انہیں 8 سال قید اور بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ 

بارسلونا کی عدالت نے مختصر فیصلے میں کہا ہے کہ گلوکارہ کو ٹرائل کا سامنا کرنا ہوگا۔ جس کے دوران شکیرا کو 6 مقدمات میں ٹیکس فراڈ غلط ثابت کرنا ہوگا۔ عدالت کی جانب سے ٹرائل کا اعلان تو کیا گیا ہے لیکن ابھی کوئی تاریخ نہیں دی گئی۔ امید کی جارہی ہے کہ مقدمہ آئندہ سال شروع ہوگا۔ 

شکیرا مستقل ٹیکس فراڈ کے الزامات کو مسترد کرتی آئی ہیں۔ شکیرا کے وکلا کے مطابق گلوکار اسپین میں باضابطہ طور پر 2015 میں منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ جزیرہ نما ملک بہاماس میں ٹیکس ادا کرتی رہی ہیں۔

گلوکار کے وکلا کے مطابق شکیرا کے ہسپانوی فٹ بالر جیرارڈ پیک سے تعلقات عام ہونے کے بعد ہی وہ اسپین منتقل ہوئیں، اس سے قبل وہ یہاں ٹیکس دینے کی پابند نہیں تھیں۔

یاد رہے کہ سال 2015 سے لیکر اب وہ سپین میں ایک کروڑ 70 لاکھ یورو سے زائد کا ٹیکس ادا کرچکی ہیں۔

ہسپانوی حکام نے انہیں ٹیکس فراڈ اور چوری کے کیس میں تصفیے کی پیش کش بھی کی تھی، جسے گلوکارہ نے مسترد کردیا تھا، جس وجہ سے حکام نے عدالت میں گلوکارہ کے خلاف درخواست دائر کرتے ہوئے انہیں 8 سال تک قید اور 2 کروڑ ڈالر سے زائد جرمانے کی سزا سنانے کی استدعا کی تھی۔