کینیڈا یکم اکتوبر سے کورونا  کی وجہ سے لگائی گئی سفری پابندیاں ختم کر دے گا

کینیڈا یکم اکتوبر سے کورونا  کی وجہ سے لگائی گئی سفری پابندیاں ختم کر دے گا

ایک نیوز نیوز: کینیڈا یکم اکتوبر سے کووڈ-19 کے باعث مسافروں پر لگائی گئی تمام پابندیاں ختم کر دے گا۔ مسافروں پر جہازوں اور ٹرینوں میں سفر کرنے کےلئے ویکسین لگوانے اور ماسک پہننے کی پابندی بھی نہیں رہے گی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس اقدام سے ملک میں ٹریول انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔ کینیڈا کی ائیرلائنز بھی فلائٹس پر ماسک پہننے کی پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پابندیاں ہٹانے کا فیصلہ کینیڈا میں ویکسینیشن کی شرح، نئی ویکسینز اور علاج کی دستیابی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر لکھا کہ لوگوں کی صحت کو تحفظ فراہم کرنے ہر طرح کی کوشش کی جائے گی اور سائنسی اصولوں پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے لکھا کہ 12 سال سے زائد عمر کے 90 فی صد سے زائد افراد کو ویکسین کی ابتدائی خوراک دی جا چکی ہے۔ 

وزیر صحت نے کہا کینیڈینز نے ویکسین کی خوراکیں لے لی ہیں اور اب ہم ایسے مقام پر پہنچ چکے ہیں جہاں ہم حفظان صحت کے تحت لگائی گئی پابندیاں ہٹا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔

مسافروں پر اب ویکسین لگوانے کا ثبوت اور صحت کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے کی پابندی نہیں ہوگی۔ جہازوں اور ٹرینوں میں ماسک پہننے کی شرط بھی نہیں ہوگی۔

کنزرویٹو پارٹی کے سربراہ نے اقدام کو سراہا اور کہا کہ یہ اپوزیشن کے دباو پر اٹھایا گیا۔