آڈیو لیک پر صدر عارف علوی کا رد عمل بھی آگیا

Sep 27, 2022 | 00:51 AM

ایک نیوز نیوز : صدرمملکت عارف علوی نے آڈیو لیک کے معاملے کو تشویشنا ک قراردیدیا ۔
تفصیلات کےمطابق گورنر ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی نے کہا کہ آڈیو لیک کے واقعات غیبت کے زمرے میں آتے ہیں، جس کی حوصلہ شکنی کی ضرورت ہے، ہر شخص کی پرائیویسی ایک امانت ہے جسے برقرار رکھا جانا چاہئے، نجی گفتگو یا تبصرے کو لیک کرنا اور جعلی خبریں پھیلانا غیر اخلاقی ہے اور اس سے معاشرے میں خوف و ہراس پھیلتا ہے۔
صدر عارف علوی نے مزید کہا کہ ہمار ے معاشرے کو غیبت اور جعلی خبروں کے مسئلے کا سامنا ہے جو کہ عام طور پر کسی واقعہ کو حوالہ اور سیاق و سباق سے ہٹ کر بیان کرنے سے متعلق ہے۔ ہمیں خود ڈسپلن کا مظاہرہ کرنا چاہئے کہ کسی کی نجی گفتگو میں دلچسپی نہ لیں ۔ ایسے واقعات بعض اوقات لوگوں اور ملکوں کے درمیان تعلقات کی خرابی کی وجہ بن جاتی ہے۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے پھیلاؤ کی وجہ سے معلومات لیک ہونے میں اضافہ ہوا ہے، سوشل میڈیا کو ضروری معلومات اور علم کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام میں سیاسی حریفوں کے ساتھ مہذب رویہ اپنانے کی ضرورت ہے، سیاستدان قوم کو فکری طور پر مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں