امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ارب پتی بننے میں کامیاب

امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ ارب پتی بننے میں کامیاب
کیپشن: American singer Taylor Swift became a billionaire

ایک نیوز :امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ اپنے حالیہ ورلڈ ٹور اور اس پر بننے والی فلم کی بدولت ارب پتی بن گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق Eras ورلڈ ٹور نے کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے تھے جس کے نتیجے میں 33 سالہ گلوکارہ کے اثاثوں کی مالیت ایک ارب 10 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گئی۔ بہت کم فنکار اپنی موسیقی اور پرفارمنس کی بدولت ارب پتی بننے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ 2019 سے اب تک اپنے گانوں کے ذریعے ٹیلر سوئفٹ نے 40 کروڑ ڈالرز کمائے جبکہ 37 کروڑ ڈالرز کی آمدنی شوز کے ٹکٹوں کی فروخت سے ہوئی۔اسی طرح 5 جائیدادوں سے ٹیلر سوئفٹ کے اکاؤنٹس میں 11 کروڑ ڈالرز کا اضافہ ہوا جبکہ مختلف اسٹریمنگ سروسز سے انہیں 12 کروڑ ڈالرز کی آمدنی ہوئی۔
امریکی گلوکارہ کو 8 کروڑ ڈالرز میوزک رائلٹیز کی مد میں ملے، اس طرح وہ ارب پتی بننے میں کامیاب ہوگئیں۔
رواں برس کے دوران امریکا میں 53 شوز کے دوران ٹیلر سوئفٹ نے امریکی جی ڈی پی میں بھی 4 ارب 30 کروڑ ڈالرز کا اضافہ کیا۔ابھی بھی ان کا Eras ورلڈ ٹور مکمل نہیں ہوا، جس کے دوران اب تک 70 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے ٹکٹ فروخت ہوچکے ہیں۔
ایک رپورٹ کے مطابق ٹیلر سوئفٹ ایک شو میں پرفارم کرنے کے لیے ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز تک معاوضہ لیتی ہیں۔