ایک نیوز :وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پی اینڈ ڈی بورڈ کو فارن فنڈڈ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرادی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے تاریخ میں پہلی بارپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کی مشترکہ جائزہ کمیٹی کے اہم اجلاس کی صدارت کی۔عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجے بن حسین(Mr.Najy ben Hassan)، ا یشائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی (Mr.Yong Ye) اور دیگر ڈونرز اداروں کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پنجاب میں عالمی بینک کے تعاون سے2456 ملین ڈالر کی لاگت سے 12 پراجیکٹس جبکہ ایشائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 849ملین ڈالر کی لاگت سے 8پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فارن فنڈڈ منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لئے تمام تر ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلی محسن نقوی کا کہنا تھاکہ ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ میں اہداف کے حصول کو یقینی بنائیں گے۔ عالمی بینک اور ا یشائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ٹرانسپورٹ، ماحولیات اور فیملی پلاننگ کے شعبوں میں تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔مضبوط ٹیم ورک سے بہتر نتائج کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے تیز ترین رسپانس ناگزیر ہے۔ پوری ٹیم دن رات محنت کررہی ہے اور ہم عالمی بینک، ایشائی ترقیاتی بینک اور دیگراداروں کے ساتھ اشتراک کار کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں۔
کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجے بن حسین کا کہنا تھاکہ حکومت پنجاب کی طرف سے ادارہ جاتی اصلاحات قابل تحسین ہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے ایگریکلچر اینڈ رورل ٹرانسفارمیشن پروگرام، گرین ڈویلپمنٹ پروگرام، سٹی پروگرام سمیت دیگر پراجیکٹ جاری ہیں۔ پنجاب ٹورازم برائے اکنامک گروتھ بھی ورلڈ بینک کے تعاون سے پایہ تکمیل کو پہنچایا جائے گا۔نیشنل ہیلتھ پروگرام کی تکمیل کے لئے ورلڈ بینک اور دیگر ادارے معاونت کررہے ہیں۔
اجلاس میں عالمی بینک اور ا یشائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ افتخار سہو نے بریفنگ دی۔ وفاقی سیکرٹری اکنامک افیئرز، تمام محکمو ں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔