ایک نیوز: لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے نو مئی کو راحت بیکری کے باہرجلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں گرفتارپی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق خدیجہ شاہ کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کروا رکھا ہے۔
گزشتہ روز لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور کے مقدمات میں خدیجہ شاہ کی رہائی کی روبکار جاری کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی ضمانتیں بعد از گرفتاری منظور کیں تھیں۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر کو لاہور ہائیکورٹ نے معروف ڈیزائنر اورایکٹوسٹ خدیجہ شاہ کی 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا ، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ جناح ہاؤس کے اندر ملزمہ کے آگ لگانے کے کوئی ثبوت موجود نہیں۔
جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے خدیجہ شاہ کی جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا۔