احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفکیشن جاری

 ایک نیوز : اسلام آباد ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا۔
 رپورٹ کے مطابق  احتساب عدالت کے جج محمد بشیر 14 مارچ 2024 کو ریٹائر ہو جائیں گے  اس حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹی فیکیشن جاری کردیا ہے۔
 جج محمد بشیر کی ریٹائرمنٹ کے بعد احتساب عدالت کے نئے جج تعینات ہوں گے اسلام آباد میں احتساب عدالت کی تین عدالتیں قائم ہیں چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر رجسٹرار آفس نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
 جج محمد بشیر نے چھ سابق وزرا اعظم کے کیسز کی سماعت کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اسلام آباد میں 2012 سے تعینات ہیں۔ سابق وزرا اعظم میں نواز شریف ، شاہد خاقان عباسی ، راجہ پرویز اشرف کے کیسز شامل ہیں جبکہ  چیئرمین پی ٹی آئی ، شوکت عزیز اور یوسف رضا گیلانی کے کیسز بھی ان کی عدالت میں لگے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

جج بشیرکےحالات زندگی

محمد بشیر نیب اسلام آباد کی تینوں عدالتوں کے ایڈمنسٹریٹیو جج ہیں۔ پاکستان کی وزارت قانون کے قواعد کے مطابق نیب ججوں کی تقرری 3 برس کے لیے ہوتی ہے تاہم جج محمد بشیر گزشتہ 11 برس سے اسلام آباد کی نیب کورٹ نمبر ایک میں تعینات ہیں۔

جج محمد بشیر کو 2012 میں پہلی مرتبہ احتساب عدالت میں جج تعینات کیا گیا تھا، انہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے تعینات کیا تھا۔ ان کی 3 سالہ مدت 2015 میں اختتام پذیر ہونا تھی۔ تاہم ملسم لیگ (ن) نے 2015 میں اسلام آباد ہائیکورٹ (آئی ایچ سی) انتظامیہ کی سفارش پر جج محمد بشیر کی مدت ملازمت میں توسیع کرتے ہوئے 2018 تک کے لیے احتساب عدالت کا جج تعینات کردیا تھا۔

واضح رہے کہ اس کے بعد 2021 میں جب ان کی مدت ملازمت ختم ہوئی تو اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے انہیں پھر سے 3 برس کے لیے جج مقرر کردیا تھا۔

محمد بشیر خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھتے ہیں۔ 1958 میں پیدا ہونے والے محمد بشیر کے آباؤ اجداد بھارت سے ہجرت کرکے جنوبی پختونخوا میں آباد ہوئے تھے۔ ان کی مادری زبان اردو ہے۔ محمد بشیر نے ابتدائی تعلیم ڈیرہ اسماعیل خان سے حاصل کی۔ بعدازاں گومل یونیورسٹی اور پشاور میں زیر تعلیم رہے۔ قانون میں ایل ایل ایم کی ڈگری 1990 میں پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی تھی۔

محمد بشیر ماتحت عدلیہ میں سول جج کے طور پر تعینات ہوئے تھے۔ بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے عہدوں پر ترقی پائی۔ رواں برس کے آغاز میں ریٹائرمنٹ کی عمر کو پہنچنے کے بعد محمد بشیر کی 3 برس کے لیے مدت ملازمت میں پھر توسیع کر دی گئی تھی۔