ایک نیوز:صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اور نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نےیوم سیاہ کشمیرکےموقع پر اپنے پیغامات میں کہا کہ ستائیس اکتوبر کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے، اس دن کشمیریوں کی جائز خواہشات کا گلا گھونٹا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دنیا بھر کے کشمیری آج یوم سیاہ منارہے ہیں ، صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کشمیر یوم سیاہ کےموقع پرپیغام میں کہا کہ 27اکتوبر 1947کشمیری عوام کیلئےسیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے،بھارتی قبضےنےاپنی تقدیرخودطےکرنےکی کشمیریوں کی جائزخواہشات کاگلا گھونٹا۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارتی زیرتسلط جموں وکشمیر کےلوگوں نےطویل عرصے سےظلم برداشت کیےہیں ، بھارت کشمیریوں کےحق خودارادیت کےعزم کوکچلنےمیں ناکام رہاہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کی مثالی جرات کوخراجِ تحسین پیش کرتاہوں ، کشمیری عوام بھارتی افواج کی جانب سے زیادتیوں کا سامنا کر رہےہیں، کشمیریوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کےغیر قانونی اقدامات عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی کشمیر یوم سیاہ کے موقع پر پیغام میں کہا کہ آج جموں وکشمیر کے بڑے حصے پر بھارت کےغاصبانہ قبضے کو76سال بیت گئے، 27اکتوبر1947کوبھارت نےپہلی باراپنی فوجوں کومقبوضہ جموں وکشمیرمیں اتارا، تب سےآج تک بھارت نےاس علاقےپرزبردستی قبضہ جاری رکھاہواہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ بھارت نےجموں وکشمیرپرغیرقانونی حکمرانی کیلئےمختلف ہتھکنڈے آزمائے ، بھارت نے5اگست 2019سےایک مذموم مہم کاآغازکررکھاہے اور کشمیریوں کو بے اختیار کمیونٹی میں تبدیل کرنےکی گھناؤنی سازش کررہاہے۔
انھوں نے بتایا کہ بھارت نے انتخابی حلقوں میں ردوبدل، فہرستوں میں غیرکشمیریوں کا اضافہ کیا، کشمیرسےباہرکےلوگوں کودھڑادھڑڈومیسائل سرٹیفکیٹ کااجراکیاجارہاہے، بھارت نے کشمیرمیں جائیدادوں کی ملکیت سےمتعلق نئےقوانین متعارف کرائے، یہ غیر قانونی اقدامات سلامتی کونسل قراردادوں ،جنیواکنونشن کی خلاف ورزی ہیں۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندے برسوں سے پابند سلاسل ہیں، مقبوضہ کشمیرمیں میڈیا پرپابندیاں بڑےپیمانےپر مسلط کی جا رہی ہیں، بھارت کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی جدوجہدکودبانےمیں ناکام رہا ہے۔
اسرائیل حماس تنازع پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ صورتحال سےواضح ہوگیا حل طلب تنازعات عالمی امن کیلئےخطرہ ہیں ،عالمی برادری اب اپنی ذمہ داری سے نہیں آنکھیں نہیں چرا سکتی ، عالمی برادری کوبھارت کوزیادتیوں کاجوابدہ ٹھہرانےکیلئےاقدامات کرنے چاہئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو5اگست2019کےغیرقانونی اقدامات کوواپس لینا چاہیئے اور جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو روکنا ہو گا ساتھ ہی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کراناہو گا، پاکستان ہمیشہ کی طرح اپنےکشمیری بھائیوں کےساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
سابق وزیراعظم شہباز شریف
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ پر کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار اور بھارتی قبضے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کھلی جارحیت کرتے ہوئے جموں و کشمیر پر فوج کشی کی،76 سال سے بھارت عالمی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چوتھے جینیوا کنونشن کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ ناجائز قبضے کو طول دینے کےلئے بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑے ہیں،5 اگست 2019 کو بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کی سیاہ تاریخ دوہرائی،76 سال میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر واستبداد کا ہر ہتھکنڈا ناکام ہوا ہے،مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام اور قیادت کو ان کی دلیرانہ اور عظیم قربانیوں پر مشتمل تاریخی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،کشمیری نسل در نسل اپنی آزادی کے لئے قربانیاں دے رہے ہیں، ایک لاکھ سے زائد کشمیریوں کی شہادتیں اس غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجینڈا ہے،خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل ناگزیر ،پاکستان کشمیری عوام کی عالمی و علاقائی فورمز پر سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا،گزشتہ 7 دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کی عوام کو بدترین ریاستی دہشتگردی کا نشانہ جا رہا ہے، بے گناہ کشمیریوں کی ہزاروں قبریں اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حثیت کو تبدیل کرکے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ،5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ کشمیر کشمیری عوام کیلئے دنیا کی سب سے بڑی اوپن جیل بن چکی ہے ،بھارت 5 اگست کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات واپس لے،حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام نے لازوال قربانیاں دی ہیں،تحریک آزادی کے ہیروز سید علی گیلانی ، مقبول بٹ ، برہان وانی ، یٰسین ملک سمیت دیگر رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے ہیروز کو تاریخ میں ہمیشہ سنہرے حروف میں یاد رکھاجائے گا ،اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں ،اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سول ایویشن اتھارٹی
سول ایویشن اتھارٹی نے 27 اکتوبر کشمیر کے یوم سیاہ اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے دن ملک کے بڑے ائرپورٹس پر بینرز، اسٹینڈیز، پرچم آویزاں کردیے،بینروں پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج ہیں،ائرپورٹس کے مختلف حصوں میں سیاہ جھنڈے لہرادیے گئے،بینرز، سٹینڈیز پر تصاویر بھارتی ظلم و ستم کے عکاس،ائرپورٹس آنے والے راستوں پر نمایاں مقامات پر بھی احتجاجی بینرز نصب ہیں۔
لاؤنجز میں ویڈیو ڈسپلے اسکرینوں پرآزادی کے گیت اور دستاویزی فلموں کی نمائش جاری ہے، مسافروں کی آگاہی کے لئے ان میں فلائر/پمفلٹ کی تقسیم کی گئی،ائرپورٹس پر ملازمین کا بازوؤں پر سیاہ ربن باندھ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کی ہے۔