زمبابوے کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی شکست پر سابق کرکٹرز کا سخت ردعمل آگیا

Oct 27, 2022 | 21:43 PM

ایک نیوز نیوز: ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ ٹو کے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو اپ سیٹ شکست دیدی۔ جس کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بھی اپنے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کی گئی ایک ٹوئٹ میں شاہد آفریدی نے لکھا ہے کہ وہ اس شکست کو اپ سیٹ نہیں کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ میچ دیکھیں تو پہلی گیند سے زمبابوے نے شاندار کرکٹ کھیلی اور دکھایا کہ بیٹنگ پچ پر کم رنز کے ہدف کا دفاع کیسے کرتے ہیں۔ 

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں میں زمبابوے کی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد بھی دی۔ 

دوسری جانب سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا میچ بہت شرمناک تھا، اور سلیکٹ کرو ایوریج لوگ، ایوریج ٹیم مینجمنٹ اور ایوریج پی سی بی کو سلیکٹ کرو، یہ تو ہونا تھا۔ 

انہوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ آپ لوگ زمبابوے سے ہار گئے۔ اب سوچیں گے ایسا ہوجائے ویسا ہوجائے، سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنا اب مشکل ہوگیا ہے۔ 

فاسٹ باؤلر محمد عامر بھی قومی ٹیم کی شکست پر برہم نظر آئے۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ وہ پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ ٹیم کی سلیکشن خراب ہے، اب اس چیز کی ذمہ داری کون لے گا؟ 

محمد عامر نے مزید لکھا کہ یہ وقت ہے کہ چیئرمین پی سی بی اور چیف سلیکٹر جو خدا بنے بیٹھے ہیں ان سے جان چھڑوا لی جائے۔ 

مزیدخبریں