اعظم سواتی اچانک منظر عام سے غائب، گرفتاری کی خبریں زیرگردش

اعظم سواتی اچانک منظر عام سے غائب، گرفتاری کی خبریں زیرگردش

ایک نیوز نیوز: سوشل میڈیا پر تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی  کی ارشد شریف کے جنازے میں شرکت کے دوران دوبارہ گرفتاری کی خبریں زیر گردش ہیں۔  تاہم اس معاملے پر پی ٹی آئی یا حکومتی سطح سے کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ اعظم سواتی نے گذشتہ روز پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ وہ آج ارشد شریف کی تدفین کے بعد  ان 2 لوگوں کے نام سامنے لائیں گے جنہوں نے ان پر تشدد کیا ۔انہوں نے عمران خان  کو بھی بتادیا ہے جبکہ   وہ 2 نام صدرمملکت کو بھی بذریعہ فیکس بھجوادئیے  گئے ہیں۔

مرحوم صحافی کی نمازِ جنازہ آج اسلام آباد میں ادا کی گئی، جس میں صحافیوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، نمازِ جنازہ فیصل مسجد میں اداکی گئی۔ جہاں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔

سینئر صحافی ارشد شریف کے جسد خاکی کو آج صبح اسپتال سے گھر منتقل کیا گیا جہاں پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے جنہوں نے پھول نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا، جبکہ ایک بجے پاکستان کے ترانے اور قومی پرچم کے ساتھ ان کو رخصت کیا۔

ارشد شریف کی میت منگل کی شب 1 بجے پاکستان پہنچی تھی۔ گزشتہ روز پمز ہسپتال اسلام آباد میں ارشد شریف کے پوسٹ مارٹم کیلئے 8 رکنی میڈیکل بورڈ قائم کیا گیا تھا۔