ایک نیوز: لاہور سمیت پنجاب بھرکے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کھڑے کنٹینر نکال دئیے گئے۔
تمام کنٹینرز مختلف اشیاء سے بھرے ہوئے تھے ، زمین پر پڑے کنٹینرز اپنی مدد آپ کے تحت اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں ، چار روز سے بند اشیائے ضروریہ سمیت دیگر اشیاء کی سپلائی بحال ہو گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور کے داخلی و خارجی راستے کھول دیئے گئے،راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے، رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں۔
لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا، شہر میں ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، شہری مزید ر ہنمائی اور مدد کیلئے ہیلپ لائن15پر کال کرسکتے ہیںلاہور موٹروے ایم 2کو لاہور اسلام آباد ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا، موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ۔
موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ، موٹروے ایم3 کو ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد میں احتجاج کی وجہ سے بند کیے گئے راستے بھی کھلنا شروع ہو گئے، 26نمبر چونگی سے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ،روات ٹی کراس سے بھی دونوں اطراف ٹر یفک کے لیے کھول دیا گیا ،ایران ایونیو کو بھی دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے ،ای الیون فلائی اوور کے اوپر رکاوٹیں ہٹا نے کا کام جاری ہے،سری نگر ہائی وے اور ایکسپریس ہائی وے دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھلے ہیں۔