ایک نیوز: سعودی رائل لینڈ فورسز کے کمانڈر نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں دفاع، سیکیورٹی اور فوجی تربیت کے شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فہد بن عبداللہ اور سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور مشرق وسطٰی میں جاری تنازعات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سعودی رائل لینڈ فورسز کے کمانڈر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور خطے میں قیام امن کیلئے پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کیساتھ اسٹریٹجک اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اس سے قبل جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنربھی پیش کیا۔