ویب ڈیسک: مسلم لیگ ق کے چیف آرگنائزر چودھری محمد سرور نے نوازشریف کے انکار کے بعد ایک بار پھر تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے پر تول رہے ہیں۔لیکن ابھی تک کامیابی حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری سرور نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کیلئے بھی مذاکرات کئے تاہم نواز شریف نے انکار کردیا کیونکہ 2014میں عمران خان اور قادری کے ناکام دھرنے کے وقت وہ ن لیگ چھوڑ کر چلے گئے تھے۔چودھری محمد سرور نے رواں سال مارچ میں ق لیگ میں شمولیت اختیار کی تھی اور انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر بنایا گیا تھا لیکن وہ گزشتہ کئی ماہ سے اسکاٹ لینڈ میں مقیم ہیں، انہوں نے مسلم لیگ ق کے معاملات میں کوئی دلچسپی نہیں لی۔
دو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے چوہدری سرور اسکاٹ لینڈ سے براہ راست اور بالواسطہ طور پر پی ٹی آئی رہنماؤں سے رابطہ کر رہے ہیں اور پی ٹی آئی میں واپسی کے طریقوں پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ چودھری سرور نے پارٹی رہنماؤں سے رابطہ کرکے دوبارہ شمولیت کی پیشکش کی تھی لیکن پارٹی نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔
چوہدری سرور کو دوبارہ شمولیت کی اجازت دینے والا واحد شخص عمران خان ہے لیکن انہوں نے واضح کر دیا ہے کہ وہ ان درجنوں رہنماؤں کو معاف نہیں کریں گے اور نہیں بھولیں گے جنہوں نے مشکل وقت میں انہیں مایوس کیا، عمران خان اور پی ٹی آئی کے خلاف لابنگ کرنے والے قابل قبول نہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری سرور دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہونا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے خاندان کے افراد فیصل آباد میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر کھڑے ہونا چاہتے ہیں، مسلم لیگ ن کی صفوں میں کوئی سیٹ خالی نہیں ہے اور کوئی دوسرا آپشن نہیں ہے۔