ایک نیوز: اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، 7 کارروائیوں کے دوران 420 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد جبکہ 5 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں واقع کوریئر آفس میں بحرین کے لئے بُک کئے گئے پارسل سے 800 گرام آئس برآمد ہوئی، بھارہ کہو،اسلام آباد میں ملزم سے 100 عدد نشہ آور (ایکسٹیسی) گولیاں برآمد کی گئیں، شیر شاہ ٹول پلازہ ملتان کے قریب گاڑی سے 24 کلو گرام چرس برآمد ہوئی جبکہ 2 ملزمان کو گرفتارکرلیا گیا۔
سپر ہائی وے کراچی پر گاڑی سے 25 کلو 200 گرام چرس برآمد ہوئی اور ملزم کو گرفتارکیا گیا، پی ڈی اے موٹروے پشاور کے قریب گاڑی کے خفیہ خانوں سے 15 کلو 600 گرام چرس برآمد کی گئی اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
پنجگور کے علاقے بونستان میں لاوارث گاڑی سے 75 کلو آئس برآمد ہوئی، قلعہ عبداللہ کے علاقے حبیب زئی کے قریب مکان پر چھاپے کے دوران 279 کلو 200 گرام چرس برآمد کی گئی۔ برآمدشدہ منشیات اسمگلنگ کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی۔ گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِمنشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔