1971ء کی پاک,بھارت جنگ،بھارتی میجر جنرلز پاکستان کی بہادر افواج کے معترف

کیپشن: 1971ء کی پاک,بھارت جنگ،بھارتی میجر جنرلز پاکستان کی بہادر افواج کے معترف

ایک نیوز: 1971ء کی پاک،بھارت جنگ۔ بھارتی میجر جنرلز پاکستان کی بہادر افواج کے معترف 1971ء میں مشرقی پاکستان کے ساتھ ساتھ مغربی پاکستان کے محاذ پر بھی پاک آرمی کے آفیسرز اور جوان سرحد پردفاع وطن میں جان ہتھیلی رکھے دشمن کے سامنے ڈٹے رہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان آرمی کی مایہ نازیونٹ 20 لانسرز کے چارلی سکواڈرن نے حرار خرد سے حرار کلاں تک کے علاقے پر دشمن کے بڑے حملے کو انتہائی دلیری اور جوانمری سے ناکام بنایا۔7 اور 8 دسمبر 1971ء کی شب حرار خرد سے حرار کلاں کے دفاع پر مامور چارلی سکواڈرن پر دشمن کی آرٹلری نے مسلسل ایک گھنٹہ شدید گولہ باری کی ۔جس کے بعد ڈوگرہ بٹالین اورسنکرز ہارس ٹینک رجمنٹ نے پھرپور حملہ کیا۔اس حملے کو چارلی سکواڈرن نے انتہائی دلیری اور جوانمری سے ناکام بنایا۔جس میں دشمن بھارت کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا اور پسپائی اختیار کی۔

اس حملے میں چارلی سکواڈرن کی دلیری کے باعث دشمن کے 24 سپاہی ہلاک جبکہ 65 شدید زخمی ہوئے، اس کا اعتراف بھارت کے میجر جنرل سکھونت سنگھ نے اپنی کتاب ”India's War after Independence“ میں بھی کیا ہے۔1971ء کی پاک، بھارت جنگ کا اگر مجموعی جائزہ لیا جائے تو بلاشبہ پاکستان کی بہادر افواج نے قلیل تعداد اور کم جنگی سازو سامان کے ساتھ اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کے دانت کٹھے کئے۔

اس بات کا واضح ثبوت بھارت کے میجر جنرل گورچن سنگھ کا پاکستان فوج کی بہادری اور حکمت عملی کا اعتراف ہے جو انہوں نے اپنی کتاب ”India's Armour“ میں کیا ہے۔ میجر جنرل گورچن سنگھ اپنی کتاب میں لکھتے ہیں ; ”پاک فوج کے کوررنگ ٹروپس نے انتہائی بہادری اور بہترین حکمت عملی کامظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سے بڑی فوج کا حملہ طویل وقت تک روکے رکھا“ ”ہندوستانی ٹینک صرف پاکستانی کورنگ ٹروپس کو پیچھے دھکیلنے میں کامیاب ہوئے اوردفاعی لائن تک پہنچے، پہلی بڑی رکاوٹ کو عبور کرنے کی بھارتی کوششیں ناکام ہوگئیں“۔

میجر جنرل گورچن سنگھ نے مزید لکھا ہے کہ ”ہندوستانیوں کو صرف 8 میل آگے بڑھنے میں 12 دن اور 12 راتیں لگیں۔ پاکستان نے سرحد سے لے کر اہم دفاعی پوزیشن تک صرف اپنے کوررنگ ٹروپس کے ساتھ لڑائی لڑی“ ”بھارت کی فوج تعداد اور جنگی سازوسامان کے لحاظ سے بہت بہتر تھی مگر اسے پاکستان کی بہادر فوج قلیل تعداد اور کم جنگی سازوسامان کے باوجود انتہائی سخت حریف ثابت ہوئی“ ”ہمارے پاس بالکل نئے T-55 ٹینک تھے جو 100 ایم ایم گن سے لیس تھے اور رات کے اندھیرے میں بھی فائر کی صلاحیت رکھتے تھے جبکہ پاکستان کے پاس پرانے شیرمان ٹینک تھے، جن کی نقل و حرکت بالکل ناقابل بھروسہ تھی“۔